بجلی کی بندش سے سندھ میں موبائل فون سروسز متاثر

280

کراچی(اسٹاف رپورٹر)طوفانی بارش کے باعث کراچی سمیت پورے صوبے میں ٹیلی کام سیکٹر کے تقریبا نصف موبائل فون ٹاورز شدید متاثر ہوئے ہے۔

موسلادھار بارش کے باعث شہر قائد کے متعدد علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز متاثر ہیں،کر اچی کے متعدد علاقوں موبائل فون سروس نے کام چھوڑ دیا ہے،موبائل فون کے سگنلز بھی نہیں آرہے ہیں۔

بارش کے دوران کراچی کے شہریوں نے موبائل پر فون کالز نہ کر پانے اور سننے سے متعلق سوشل میڈیا گروپس پر شکایات کے انبار لگا دیے لیکن مسئلہ تاحال حل نہ ہوسکا ہے۔موبائل نیٹ ورک کا مسئلہ کسی ایک کمپنی یا شہر میں نہیں بلکہ بیشتر شہروں میں مختلف موبائل نیٹ ورک متاثر ہوئے ہیں۔

شکایات کرنے والوں کا کہنا تھا کہ انہیں تمام 4 نیٹ ورکس جاز، ٹیلی نار، زونگ اور یوفون پر مسائل کا سامنا ہے۔ صارفین کو گزشتہ 48 گھنٹوں سے کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں اس مسئلے کا سامنا ہے۔

ٹیلی کام ذرائع نے بذریعہ واٹس ایپ اپنے پیغامات میں بتایا کہ سپلائی چین کی روکاٹ کے باعث سندھ بھر میں موبائل نیٹ ورک ٹھیک کام نہیں کر رہے اور کہیں بندش کا شکار ہیں۔کےالیکٹرک کی جانب سے بجلی کی عدم فراہمی کے باعث نصف ٹاورز کام نہیں کر رہے۔

شدید بارشوں کے باعث فیول بھی نہیں پہنچ سکا جس کی وجہ سے جنریٹرز کی مدد سے چلنے والے ٹاورز بھی بند ہوگئے ہیں۔

خبر کی اشاعت تک موبائل فون سروسز مکمل بحال نہیں ہوئی تھی تاہم ایک کمپنی کا دعویٰ ہے کہ انکی صرف دس سائٹ ڈاؤن ہیں جس پر بحالی کا کام جاری ہے۔

ایک دوسری کمپنی کا کہنا تھا کہ ٹاورز کی بندش کے باعث انکی ٹیم کے درمیان بھی رابطہ منقطع ہوا جس کی وجہ سے بحالی کا کام تاخیر کا شکار ہوا ہے۔

کمپنی کا کہنا تھا کہ جمعرات 27 اگست کو طوفانی بارش کے باعث انکی ٹیم کام نہیں کر سکی تاہم بارش رکنے کے بعد سے نیٹ ورکس کی بحالی کا کام جاری ہے۔

دوسری جانب کراچی میں بجلی فراہم کرنے کی ذمہ دار کمپنی کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہر میں موبائل فون نیٹ ورک متاثر ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بارش کے پانی کی نکاسی تک نشیبی علاقوں میں بجلی کی بحالی ممکن نہیں ہے۔کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ حالیہ طوفانی بارش سے بجلی کی تنصیبات کو نقصان پہنچا جس سے بیشتر علاقوں میں ترسیل معطل ہے۔