سید عبدالرشید کے گھر پر فائرنگ

269

جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشیدکے گھر پر گزشتہ بدھ کی رات کو نامعلوم موٹر سائکل سوار فائرنگ کرکے فرار ہو گئے۔ ویسے تو ہر شہری کا تحفظ حکومت کا فرض ہے لیکن ایک رکن اسمبلی کے گھر پر آزادانہ طریقے سے حملہ کرکے لوگوں کا نکل جانا ایک اچھی حکومت کی نشانی نہیں ہے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے اسے حکومت کی ناکامی قرار دیا ہے اور حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ابھی یہ تو معلوم نہیں ہوا ہے کہ حملہ آور کون تھے اور حملے کا سبب کیا ہے لیکن ایسے کاموں کا مقصد صرف یہ ہوتا ہے کہ خوف پھیلایا جائے۔ یہ کام کرنے والے خود بزدل ہوتے ہیں۔ سامنے نہیں آنا چاہتے۔ سید عبدالرشید کا قصور صرف یہ ہے کہ ان کی آواز سندھ اسمبلی میں بے لاگ تنقید کرنے والی ہے۔ حکومت، اس کے اداروں پولیس اور دیگر اداروں کی نالائقی کا پول کھولتے ہیں۔ کسی کے پاس جواب نہیں ہوتا ایسے میں بدعنوان لوگوں کا یہی طریقہ ہوتا ہے کہ وہ حملے کرواتے ہیں۔ ہر صورت میں تحفظ حکومت کی ذمے داری ہے جو اسے پوری کرنی چاہیے۔