حیدرآباد،لائنوں میں برساتی پانی داخل،گیس کی فراہمی بند

137

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) گیس لائنوں میں برساتی پانی داخل ہونے سے گیس کی سپلائی بند، ریلوے ہاؤسنگ سوسائٹی سمیت دیگر علاقوں میں گیس کی سپلائی بند ہونے کیخلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ کئی بار شکایت کرچکے ہیں لیکن محکمہ سوئی گیس کے ذمے داران کوئی توجہ نہیں دے رہے، برسات کے دوران گیس کی لائنوں میں پانی داخل ہوجانے کے باعث گیس کی فراہمی بند ہے، جس سے گھر میں کھانا پکانا مشکل ہوگیا ہے جبکہ کئی علاقوں میں پانی بھرا ہوا ہے، پہلے ہی لوگ پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سوئی سدرن گیس من مانی قیمت بھی وصول کررہا ہے لیکن شہریوں کو اذیت سے بھی دوچار کیا ہوا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گیس کی بوسیدہ پائپ لائن تبدیل کی جائیں اور گیس کی لائنوں سے پانی نکال کر ان کی صفائی کرکے گیس کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے۔ علاوہ ازیں یوسی 6، وارڈ نمبر 1، نورانی بستی حیدر آباد میں گزشتہ 4 دن سے سوئی گیس کی سپلائی مکمل طور پر بند ہے، جس کی وجہ سے گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ سوئی گیس کمپنی کو اہل علاقہ کی جانب سے کئی بار شکایت درج کروائی جاچکی ہیں مگر ابھی تک سوئی گیس کمپنی کا عملہ خرابی ٹھیک کرنے نہیں آیا۔