حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیسکو میں حادثات پر قابو پانے کے لیے فوری طور پر اعلیٰ معیاری ٹی اینڈ پی، فیلڈ گاڑیاں اور بگٹ مائونٹنڈ وہیکل فراہم کی جائیں گی، ملازمین کی کمی کو دور کرنا میرے دائرہ اختیار میں نہیں آتا لیکن مجھے احساس ہے کہ ادارے میں ہنر مند افراد کی شدید قلت ہے جس کے لیے ارباب اختیار سے رابطہ کیا جائے گا۔ ہمیں ادارے کی ترقی کے لیے مل جل کر بجلی چوری کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی نے وفد کے ہمراہ حیسکو میں تعینات ہونے والے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر حیسکو محمد یعقوب سے خیر سگالی کے طور پر ملاقات کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر حیسکو کے اعلیٰ افسران چیف انجینئر منظور حسین کاکیپوٹا، منیجر ایم ایم اقبال میمن، پی آر او صادق قنبر جبکہ سی بی اے یونین کے وفد میں صوبائی سیکرٹری سندھ اقبال احمد خان، سینئر وائس چیئرمین ملک سلطان علی، جوائنٹ سیکرٹری اعظم خان، ریحان اقبال قائمخانی، صوبائی میڈیا کوآرڈینیٹر محمد حنیف خان، زونل چیئرمین ارشد تقوی، ملک روشن علی، راجہ آفریدی، محمد اکرم، شیر محمد نظامانی، اسلم میمن شامل تھے۔ اجلاس انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوا، جس میں یونین کی جانب سے صدر یونین نے نو تعینات CEO کو حیسکو کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور انہیں یقین دلایا کہ یونین ادارے کی بہتری، ترقی اور بجلی چوری کے خاتمے کے لیے ہمہ وقت ادارے کے ساتھ ہے، ہم بونس کی ادائیگی کے احکامات پر بھی آپ کے مشکور ہیں۔