سکھر (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی ضلع سکھر مولانا حزب اللہ جکھرو نے کہا ہے کہ ظلم کے نظام کے سامنے ڈٹ جانے کا نام حسینیت ہے، آج کے دور میں اس طرح کردار کو زندہ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گھمرا میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام شہادت حسینؓ کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں باطل قوتیں سر اٹھا کر اسلام دشمنی پر آمادہ ہیں، اسلام و پاکستان اور مسلم دشمن قوتیں متحد ہو کر مسلمانوںکیخلاف سازشیں کررہی ہیں، ان کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے حسینیت کا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ مشکلات کا شکار ہے، جس کا بنیادی سبب مسلم امہ کا باہمی انتشار اور متحد نہ ہونا ہے۔ محرم الحرام کا مہینہ حسینؓ اور انکے ساتھی شہدائے کربلا کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے ذاتی مقاصد کے بجائے اسلامی نظام ہائے حکومت کی تبدیلی کو روکنے کے لیے جدوجہد کی۔ ہمیں بھی اقامت دین کی جدوجہد کے لیے ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار رہنا ہوگا۔