یدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ڈی سی حیدرآباد کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پمپنگ اسٹیشنز کی نگرانی اور نکاسی آب کو فوری طور پر یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ عوام کو فوری طور پر ریلیف فراہم کیا جاسکے۔ فواد غفار سومرو نے حیسکو کی انتظامیہ کو متعلقہ پمپنگ اسٹیشنز پر بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کی ہدایت اور یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی فنی خرابی کو فوری طور پر دور کر کے بجلی کی فراہمی کو جاری رکھیں تاکہ نکاسی آب کا عمل متاثر نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ذاتی طور پر ضلع بھر میں برساتی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ دوسری جانب ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون لیاقت علی کلہوڑو اور تعلقہ لطیف آباد اور دیگر تعلقوں میں برساتی صورتحال کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو مستعد رہنے کی ہدایت کی۔ لطیف آباد کے اسسٹنٹ کمشنر عبدالمجید زھرانی، اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد ابراہیم ارباب، اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ دیہی سبحان شورو اور اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ قاسم آباد بھی فیلڈ میں موجود رہ کر اپنے اپنے تعلقوں میں برساتی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور مسلسل پمپنگ اسٹیشنز کے دورے کر کے وہاں انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔