نوابشاہ (سٹی رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ شہادت حسینؓ کا یہ ہمیشہ کے لیے درس ہے کہ جس طرح نماز، روزہ، زکوات اور حج فرض ہے اسی طرح باطل نظام اور فاسق حکمرانوں کیخلاف جدوجہد کرنا بھی فرض ہے۔ حضرت عمرؓ کا دور ایک مثالی دور حکومت تھا، جماعت اسلامی پاکستان میں کرپشن سے پاک حکومت کے لیے جدوجہد کررہی ہے، ہمارے کئی رہنما اہم عہدوں پر فائز رہے ہیں، جن میں موجودہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق، کراچی کے میئر نعمت اللہ خان، عبدالستار افغانی، وزرا میں پروفیسر عبدالغفور، محمود اعظم فاروقی، چودھری رحمت الٰہی سمیت سیکڑوں افراد اہم عہدوں پر فائز رہے لیکن کسی کے دامن پر کوئی داغ نہیں۔ قوم اسلامی پاکستان کے لیے ہمارا ساتھ دے ہم ملک میں حقیقی تبدیلی لائیں گے۔ صوبائی ڈپٹی سیکرٹری مولانا عبدالقدوس احمدانی نے کہا کہ جماعت اسلامی حسینی مشن کی علمبردار ہے، فریضہ اقامت دین کے لیے جدوجہد کی ضرورت ہے۔ تنظیم اساتذہ سندھ کے جنرل سیکرٹری پروفیسر رئیس احمد شیخ نے کہا کہ محبت رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے ایمان کی بنیاد ہے۔ ضلعی امیر سرور احمد قریشی نے کہا کہ سازش کے تحت سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ اور سندھ کی تقسیم کی مہم چلائی جارہی ہے۔ جماعت اسلامی اس کی مذمت کرتی ہے۔ مفتی نور محمد جونو اور ضلعی سیکرٹری سردار احمد آرائیں و دیگر نے بھی خطاب کیا۔