بارش سے درپیش مشکلات کے خاتمہ میں پنجاب کے تعاون کے مشکور ہیں۔گورنرسندھ

302

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل نے گورنرپنجاب چوہدری سرور کے ہمراہ گورنرہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنرپنجاب اپنے دوستوں کے ساتھ آئے ہیں ان کے دوست انسانیت کادرد رکھتے ہیں اس مشکل حالات میں تعاون کرنے پر پنجاب کے بھائیوں کے مشکورہیں یہ ایک اچھاپیغام ہے َ

انہوں نے جومنصوبہ بنایا ہے اس میں ایک لاکھ لوگوں کوراشن دیں گے اور اخوت فاؤنڈیشن دس ہزار گھرانوں کوبلاسود قرضہ فراہم کرے گی جو آسان اقساط میں واپس لیا جائیگا اور یہ قرضہ ایک لاکھ تک دیا جائیگا۔

اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی، چیئر مین اخوت فاؤنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب،چیئرمین غنی گلاس انوار غنی، لاہور انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کے سربراہ میاں احسن اور اورینٹ گروپ کے میاں طلعت بھی موجود تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گورنرپنجاب چوہدری سرور صوبہ سندھ کے عوام کی مشکلات کا ادراک رکھتے ہوئے یہ ایک نیک مقصد کے تحت آئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ بارشوں سے سیلابی کیفیت نے پورے صوبہ کو متاثر کیا ہے چونکہ کراچی معاشی حب ہے اور میڈیا کا زیادہ رجحان بھی اس شہر پر رہا لیکن صوبہ کے دیگر علاقوں میں بھی تباہی دیکھنے میں آرہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ نالوں پر قبضے، صفائی کے فقدان اور کچرہ ڈالنے کے ذمہ داروں کا تعین کرنا صوبائی حکومت کا کام ہے،وفاق، صوبہ کی ہر ممکن مدد کرنا چاہتا ہے اس کے لئے وزیراعظم پاکستان ایک بہت بڑا منصوبہ لے کر جلد آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے سیاست میں 22برس ہوگئے ہیں لیکن میں نے اپنی پوری زندگی میں شہر کی بحالی و ترقی کے لئے اس قدر سنجیدہ کوششیں پہلے کبھی نہیں دیکھیں ہیں اس ضمن میں وزیراعظم پاکستان کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کراچی کے لئے ایک ٹرانسفارمیشن پلان ترتیب دیا گیا ہے۔

وفاق پورے صوبہ کی ترقی کے وژن پر گامزن ہے اس ضمن میں صوبہ کے تمام علاقوں کے لئے علیحدہ پلان ترتیب دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی کے لئے ہم سب مل کر کام کریں گے شہر کی ترقی کے لئے وفاق این ایف سی ایوارڈ کے علاوہ اقدامات اٹھا رہا ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ کراچی میں ایڈمنسٹریٹر ایک ایماندارشخص کو لگائیں گے کیونکہ کراچی اہم ہے اور ہم اس شہر کی ترقی کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں،احتجاج سی بی سی اورڈیفنس والوں کا حق ہے یہ بارش عام بارش نہیں ہوئی دنیا کا کوئی شہر 400ملی میٹر بارش کی منصوبہ بندی نہیں کرسکتا، اگرنالے ندیاں صاف ہوتیں سالڈ ویسٹ کام ٹھیک کررہا ہوتا تو بھی تباہی ہوتی۔

گورنرپنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان روزانہ کی بنیاد پر کراچی کے حالات کا جائزہ لے رہے ہیں ہماری بھی پوری کوشش ہے کہ بارش سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اس ضمن میں ایک لاکھ راشن بیگس تقسیم کئے جائیں گے ہر راشن بیگ میں تین ہزار سے ساڑھے تین ہزار مالیت کا سامان ہوگا جو مستحق افراد میں تقسیم کیا جائے گا اس کے علاوہ صوبہ کے 10 ہزار متاثرہ گھروں کو آسان قسطوں پر قرضہ بھی فراہم کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ نہ صرف کراچی بلکہ صوبہ کے دیگر متاثرہ علاقوں میں ریلیف کے بھرپور کام کرسکیں اس سلسلہ میں آج میں سیلانی ویلفیئر اور دعوت اسلامی کے مراکز گیا ہوں وہاں مجھے ان کے کاموں سے بے حد خوشی ہوئی یہ لوگ بہت اچھا کام کررہے ہیں اسی طرح صوبہ پنجاب اور سندھ میں دیگر نجی فلاحی ادارے لوگوں کی فلاح و بہبود کے کام کررہے ہیں ہم ان فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر صوبہ سندھ میں ریلیف کے کام کریں گے، مستقبل میں بھی سندھ کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے اس مشکل وقت میں سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح پوری قوم نے کورنا وائرس کے خلاف متحد ہوکر مقابلہ کیا اسی طرح ہم مشکل وقت میں بھی اپنے بھائیوں کی مدد کرتے ہیں، کورونا وائرس کے خاتمہ میں وزیراعظم پاکستان کی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی، احتیاطی تدابیر، عوام کے تعاون اور اداروں کے فعال کردار نے مدد دی آج پوری دنیا حیرا ن ہے کہ پاکستان میں کس طرح کورونا وائرس کا خاتمہ ہوا، انشااللہ مجھے امید ہے کہ ہم اس بارش کی تباہی پر بھی جلد قابو پالیں گے۔بعد ازاں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے ہمراہ اورنگی ٹاؤن کے بارش سے متاثرہ افراد میں سماجی بھلائی کی تنظیم بیت السلام کے تعاون سے راشن بیگز تقسیم کئے۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ سندھ کے عوام کی مدد پر ان کے مشکور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں سہولیات کے بنیادوں ڈھانچہ کو ٹھیک کرنے کے لئے کام کرنا ضروری ہے تاکہ عوام کو بارش کی صورت میں پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ کیا جاسکے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ کراچی کے مقابلہ میں لاہور میں بارش نسبتاً کم ہوئی ہے جس کی وجہ سے عوام کو اتنی زیادہ مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

انہوں نے متاثرہ افراد میں راشن کی تقسیم کے ضمن میں بیت السلام اور سماجی بھلائی کی دیگر تنظیموں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بدولت عوام کی مشکلات میں کمی واقع ہوئی ہے۔ بعد ازاں دونوں گورنرز نے متاثرہ افراد میں راشن تقسیم کیا۔