کراچی سرکلر ریلوے کیلئے بوگیاں تیار

486

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر قائد کے باسیوں کیلئے خوشخبری، کراچی سرکلر ريلوے جزوی طور پر بحال ہونے جارہی ہے، پاک چين تعاون سے تیار بوگياں تیار کرلی گئیں، جو نيلے اور سفيد رنگ کی ہوں گی۔

کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کیلئے چین کے تعاون سے پاکستان میں نئی بوگیاں تیار کرلی گئیں، کے سی آر کی نیلے اور سفید رنگ کی بوگیوں پر کراچی سرکلر ریلوے درج ہے۔

حکام کے مطابق تجرباتي بنيادوں پر کراچی سرکلر ریلوے کی ٹرین انکروچمنٹ فری ٹريک پر دوڑے گی۔ کے سی آر کا ٹریک 43 کلو میٹر طویل ہے، جس کا 37 کلو میٹر کا ٹریک کلیئر کرایا جاچکا ہے۔

سپریم کورٹ نے جولائی میں وفاق اور سندھ حکومت کو کراچی سرکلر ریلوے ہر صورت چلانے کا حکم دیا تھا۔ کے سی آر کی بحالی سے شہر قائد میں ٹریفک کی روانی میں مدد ملے گی۔

کراچی سرکلر ریلوے کا ٹریک ڈرگ روڈ اسٹیشن سے شروع ہوکر گلستان جوہر، گلشن اقبال، یاسین آباد، شریف آباد اور لیاقت آباد سے ہوتا ہوا ناظم آباد تک پہنچتا ہے۔

سرکلر ریلوے کا ٹریک منگھو، سائٹ، بلدیہ ٹاؤن، لیاری، میری ویدر ٹاور، سٹی اسٹیشن، پی آئی ڈی سی سے ہوتا ہوا کینٹ اسٹیشن اور پھر وہاں سے شاہراہ فیصل، چنیسر گوٹھ، شہید ملت اور کار ساز کے بعد واپس ڈرگ روڈ پہنچتا ہے۔