پی ڈی ایم اے نے سندھ میں کتنا سامان فراہم کیا، تفصیلات جاری کردیں

234

کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے سندھ میں بھیجے گئے سامان کی تفصیلات جاری کردی جس میں بتایا گیا ہے کہ کراچی ضلعی انتظامیہ کو 65 ڈی واٹرنگ پمپس بمعہ موبائل ڈی واٹرنگ پمپس بھیجے گئے۔تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے) کی جانب سے صوبے بھر میں بھیجے گئے سامان کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔

جس میں بتایا گیا ہے کہ مون سون میں متاثرین کیلیے کراچی سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں سامان بھیجا گیا۔کراچی ضلعی انتظامیہ کو 65 ڈی واٹرنگ پمپس بمعہ موبائل ڈی واٹرنگ پمپس بھیجے گئے جبکہ 350 ٹینٹ، 775 فولڈنگ بیڈ، 500 بیڈ شیٹس، اسٹینڈ والے 500 پنکھے دئیے گئے۔

پی ڈی ایم اے سندھ نے کہا ہے کہ یہ سامان ضلع غربی، ضلع جنوبی اور ضلع وسطی کو دیا گیا، کراچی کے علاوہ صوبے کے مختلف اضلاع کے متاثرین کیلئے بھی سامان بھیجا گیا، اب تک 24860 ٹینٹ، 171 ڈی واٹرنگ پمپس، 17600 راشن بیگ دئیے گئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 21300 مچھر دانیاں، 2300 کمبل، 3780 ترپال شیٹس دئیے جاچکے ہیں جبکہ 225 لائف جیکٹس، 2300 کچن سیٹ، 6 واٹر بوٹس فراہم کی گئیں۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق دیگر سامان میں پلاسٹک شیٹس، بسکٹ، جیری کین، پانی کی بوتلیں، واٹر کولر شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے سندھ کا کہنا ہے کہ کرین اور نکاسی آب کیلیے بڑی تعداد میں پائپ بھی فراہم کیے گئے ہیں جبکہ حالیہ بارشوں سے متاثرین کی بحالی کیلیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے اور صوبے کے تمام اضلاع کی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔