شادی لارج (نمائندہ جسارت) شادی لارج کے نزدیکی گائوں میں زمیندار کی جانب سے عورت سے چھیڑ چھاڑ اور جنسی ہراساں کرنے کیخلاف کھوسہ قبیلے کے افراد کا پریس کلب شادی لارج کے سامنے دھرنا، زمیندار اکبر بھوت کی گرفتاری کا مطالبہ۔ گزشتہ روز شادی لارج کے نزیکی گائوں چنیسر کھوسہ کی کھوسہ برادری کا خاتون سے چھیڑ چھاڑ اور جنسی ہراساں کرنے کیخلاف سخت احتجاج۔ اس موقع پر مسمات امیر زادی کھوسو، اس کے شوہر قلندر کھوسو نے صحافیوں کو بتایا کہ اکبر بھوت جو مقامی زمیندار ہے اور ٹھیکیداری کرتا ہے کئی دنوں سے ان کی بیٹی مسمات فہمیدہ کو ہراساں کررہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دو دن قبل ان کی بیٹی کھیتوں سے مال مویشی کی گھاس لینے گئی تو زمیندار اکبر بھوت نے اسے پکڑ لیا اور زبرستی کرنے کی کوشش کی، لڑکی کے شور مچانے پر گائوں کے لوگ جمع ہوگئے اور انہوں نے اس زمیندار کی حیوانیت سے ہماری بیٹی کو بچایا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس موقع پر گائوں کے لوگوں نے مذکورہ زمیندار اکبر بھوت کو درختوں سے باندھ دیا، جس کے بعد علاقے کے کچھ معززین کی مداخلت پر اسے چھوڑا، اب ظالم زمیندار ہمیں دھمکیاں دے رہا ہے اور ہماری برادری کے لوگوں کیخلاف اپنے کسی عزیز کو مصنوعی زخمی کر کے ہمارے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کروا رہا ہے جو ظلم اور ناانصافی ہے۔ انہوں نے ایس ایس پی بدین سے فوری نوٹس لے کر ظالم زمیندار کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ بصورت دیگر ایس ایس بدین کے دفتر کے سامنے بیٹی سمیت خودسوزی کریں گے۔