احتجاج کرنے والےڈی ایچ اے کراچی کے رہائشیوں کے خلاف ایف آئی آر درج

210

کراچی(اسٹاف رپورٹر)حالیہ دنوں میں ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کراچی اور کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کے دفاتر کے باہر احتجاج کرنے والے ڈی ایچ اے کراچی کے رہائیشوں کے خلاف بدھ کے روز مقامی تھانے میں ایف آئی آر درج کر دی گئی ہے۔ایف آئی آر میں کل 22 افراد کو نامزد کیا گیا ہے، جن میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔مظاہرین کے خلاف ریاستی اداروں اور ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی مخالف نعروں کی بنیاد پر پرچہ کاٹا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق ان مظاہرین نے فلاحی کاموں میں بھی رکاوٹیں ڈالیں۔

یاد رہے کہ کراچی میں ہونے والی حالیہ بارشوں کی تباہ کاریوں کے نتیجے میں گزشتہ چند روز سے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی اور کراچی کے رہائشی سراپا احتجاج ہیں۔پیر کی دوپہر کراچی میں احتجاج کرتے ہوئے کلفٹن اور ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے رہائشیوں نے کنٹونمنٹ بورڈ کے باہر احتجاج کیا تھا اور بعدازاں یہ مظاہرین دفتر کے دروازے کو دھکا دیتے ہوئے اس کے اندر داخل ہو گئے تھے اور کنٹونمنٹ بورڈ کے خلاف نعرہ بازی کی تھی۔