جرمانے کے بعد کے الیکٹرک کے ٹیرف میں اضافہ کر دیا گیا

254

لوڈشیڈنگ پر نیپرا کی جانب سے 20 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیے جانے کے بعد وفاق نے کے الیکٹرک کیلیے ٹیرف میں اضافے کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا جس میں کےالیکٹرک کےبجلی ٹیرف میں ایک روپیہ 9 پیسےفی یونٹ اضافےکی منظوری دی گئی۔ بجلی ٹیرف بڑھانے کے فیصلے کا اطلاق یکم ستمبر سے ہوگا۔

اکتوبر 2020 کے بجلی بل میں اضافہ شامل ہوگا، اضافہ 2016 سے 2019 کےدوران سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔وفاقی حکومت کےالیکٹرک کو 4.7 ارب سبسڈی بھی دےگی۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ای سی سی نے روزویلٹ ہوٹل کیلئے 14 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی منظوری دیدی، رقم قرض اورواجبات کی ادائیگی کیلئے فراہم کی جائے گی۔

واضح رہے کہ کراچی میں جون اور جولائی میں بہت زیادہ لوڈ شیڈنگ کرنے پر نیپرا نے کے الیکٹرک پر 20 کروڑ روپے جرمانہ کیا  تھا۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے اعلامیے کے مطابق کے الیکٹرک نے جون اور جولائی میں بہت زیادہ لوڈشیڈنگ کرکے اپنے لائسنس کی شرائط اور ٹیرف میں دی گئی شرائط کی خلاف ورزی کی ہے۔

نیپرا نے جون اور جولائی میں بہت زیادہ لوڈ شیڈنگ کرنے پر کے الیکٹرک کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک کے جواب سے مطمئن نہ ہو کر اتھارٹی نے کے الیکٹرک کو 20 کروڑ روپے جرمانہ کیا ہے۔