بلدیاتی انتخابات میں حائل پیچیدگیاں دور کی جائیں، الیکشن کمیشن

46

اسلام آباد (اے پی پی) الیکشن کمیشن نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میںحائل آئینی اور قانونی پیچیدگیاں دور کریں۔ بدھ کو الیکشن کمیشن آف پاکستان میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کی تیاری سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان نے کیا۔اجلاس میں الیکشن کمیشن کو چاروں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق اب تک کیے گئے انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔ الیکشن کمیشن نے الیکشن کے انعقاد سے متعلق اب تک کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ الیکشن کمیشن نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ لوکل گورنمنٹ انتخابات کے راستے میں جتنی آئینی اور قانونی پیچیدگیاں ہیں ان کو جلد از جلد دور کیا جائے تاکہ الیکشن کمیشن لوکل گورنمنٹ الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنا سکے اور اپنی آئینی ذمے داری کو پوری کر سکے۔