کراچی میں کیماڑی آئل ٹرمینل میں نجی کمپنی کی پائپ لائن میں آگ لگ گئی، آتشزدگی کے نتیجے میں 4 افراد جھلس گئے جب کہ ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی معطل کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کیماڑی آئل ٹرمینل میں نجی کمپنی کی پائپ لائن میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لیے فائرٹینڈرز کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اطلاع ملنے پر کے پی ٹی کی فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کا عمل شروع کر دیا، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی پہنچ گئی جب کہ ریسکیو اداروں کی ٹیموں نے 4 زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کر دیا۔
آتشزدگی کے باعث آئل ٹرمینل کو ہر قسم کی آمد ورفت کے لیے بند کردیا گیا اور علاقے کو خالی کروالیا گیا۔آگ پر قابو پانے کے لیے خاص فورم کا اسپرے بھی کیا گیا۔
رینجرز حخام کا کہنا ہے کہ رینجرز بھی امداد ی کارروائیوں میں بھرپور حصہ لے رہی ہے، شہرسے دیگر فائر بریگیڈیز کو طلب کرلیا گیا ہے اورجلد از جلد آگ پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔
حکام کاکہنا ہےکہ پائپ لائن میں تیل کی سپلائی بندکررہےہیں، آئیل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی معطل کر دی ہے۔وائس چیئرمین آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ آگ بجھنے کے بعد صورتحال دیکھ کر سپلائی بحال کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔