حیدرآباد :برساتی پانی کی نکاسی نہ ہوسکی،شہری چھٹوں پر محصور

173

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد کے متعدد علاقوںسے برسات اور سیوریج کے پانی کی نکاسی نہ ہو سکی۔ عوام گھروں کی چھتوں پر محصور۔ کوئی پرسان حال نہیں۔ کوئی ایم این اے ، ایم پی اے نہیں آیا۔ متاثرین کی شکایت۔ بارش کو تین روز گذر جانے کے باوجود حیدرآباد کے کئی علاقوں میں تاحال برسات اور سیوریج کا پانی جمع ہے۔ ٹنڈو یوسف کے مکین تاحال پانی میں پھنسے ہوئے ہیں ان کے گھروں میں پانی جمع ہے اور وہ چھتوں پر پناہ لیے ہوئے ہیں جبکہ ٹنڈو یوسف قبرستان میں بھی پانی کھڑا ہے اور قبروں کی بے حرمتی ہورہی ہے اس کے ساتھ گجراتی پاڑہ، امریکن کوارٹر، حالی روڈ،خواجہ غریب نواز کالونی، لطیف آباد نمبر4رضا اسکول کا علاقہ،مسرت حال یونٹ نمبر2، مہر علی ہاؤسنگ سوسائٹی، نورانی بستی،فقیر کا پڑ چوک،پھلیلی، پریٹ آباد، بھٹی گوٹھ ودیگر علاقوں میں نظام زندگی تاحال مفلوج ہے۔ ٹنڈو یوسف میں پانی میں پھنسے ہوئے لوگوںنے بلدیاتی نمائندوں اور اراکین قومی وصوبائی اسمبلی کے رویے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ علاقہ صرف الیکشن کے وقت ہی حیدرآباد میں شامل کیاجاتا ہے اس کے بعد یہاں کا کوئی پرسان حال نہیں،کوئی پوچھنے تک نہیں آیا کہ ہم لوگ تقریبا پورا مہینہ ہوگیا پانی میں پھنسے ہوئے ہیں ،چھتوں پر بیٹھے کسی مسیحا کے منتظر ہیں ۔