عاصم باجوہ کا معاون خصوصی اطلاعات کے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ

99

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عاصم باجوہ نے کہا کہ انہوں نے معاون خصوصی کے عہدے سے استعفا دینے کا فیصلہ کیا ہے البتہ چیئرمین سی پیک اتھارٹی کے عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ وہ صبح وزیراعظم عمران خان کو اپنا استعفا پیش کردیں گے اور ان سے درخواست کریں گے کہ معاون خصوصی کے عہدے سے سبکدوش کردیں۔عاصم باجوہ نے کہا کہ ’میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میری توجہ ایک طرف ہونی چاہیے ،اسی لیے معاون خصوصی اطلاعات کے عہدے سے استعفا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں صحافی احمد نورانی نے عاصم سلیم باجوہ کے بیرون ملک اثاثوں کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں الزامات لگائے تھے جن کی عاصم باجوہ نے 4 صفحات پر مشتمل طویل وضاحت اور تردید جاری کی ہے۔اپنے بیان میں عاصم باجوہ نے کہا کہ میں نے عزت، وقار کے ساتھ پاکستان کی خدمت کی ہے اور کرتا رہوں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری ساکھ کو نقصان پہنچانے کی ایک اور کوشش ناکام ہوگئی، میں خود پر اپنی فیملی پر لگائے جانے والے بے بنیاد الزامات کی سختی سے تردید کرتا ہوں۔عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ ان کے پاس ہر چیز کی منی ٹریل موجود ہے۔جبکہ بیرون ملک کاروبار کرنے والے ان کے خاندان کے افراد کے پاس بھی تمام منی ٹریل اور دیگر تفصیلات موجود ہیں۔ عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ اگر انہیں کسی متعلقہ فورم پر بلایا جائے تو وہ منی ٹریل فراہم کرنے کیلیے تیار ہیں۔