آج یوم عظمت رسولؐ،اہلبیت واصحاب منایا جائیگا، طاہر محمود اشرفی

90

لاہور (نمائندہ جسارت)متحدہ علما بورڈ کے صدراور پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ آج جمعہ کو ملک بھر میں یوم عظمت رسولؐ،اہلبیت واصحاب منایا جائے گا،واعظین عوام الناس کو عظمت اہل بیت و اصحاب رسول بیان کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحفظ ختم نبوت سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی وحدت اللہ کی توحید ،حرمین شریفین کے تقدس،اہلبیت واصحاب کے احترام ،عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ میں ہے ،دین اسلام کسی بھی غیر مسلم کو زبردستی مسلمان کرنے کاقائل نہیں ہے۔ پیغام پاکستان کی روشنی میں قانون سازی کی ضرورت ہے ، سویڈن ،ناروے میں قران پاک جلانے اور فرانس کے میگزین میں دوبارہ توہین آمیز خاکے شائع کیے جارہے ہیں یہ عالمی سازش کا حصہ ہے ۔ سیمینار سے مولانا سید ضیا اللہ شاہ بخاری، مولانا رفیق جامی، مولانا اسد زکریا، مفتی سعید ارشد، علامہ زبیر عابد، مولانا ایوب صفدرسمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔