کراچی (نمائندہ جسارت)اسلامی جمعیت طالبات پاکستان کی ناظمہ اعلیٰ فاطمہ فہیم نے کہا ہے کہ پردہ اور حجاب عورت کے تقدس اور تحفظ کے عنوان ہیں،مسلم دنیا کو پاکیزگی سے ہٹا کر بے حیائی کی دلدل میں دھکیلنا اور عورت کو ترقی کے نام پر بے حجاب کرنا شیطانی قوتوں کا ہمیشہ سے ہدف رہا ہے جبکہ اسلام حیا اور پردے کے ذریعے عورت کی عصمت کی حفاظت یقینی
بناتا ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے عالمی یوم حجاب کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ پردہ اور حجاب تو عورت کے تقدس اورتحفظ کے عنوان ہیں اور عورت کا تحفظ خاندان کے استحکام، نئی نسلوں کی تربیت کے انتظام اور معاشرتی استحکام کا ضامن ہے۔انہوں نے حکومت اور اربابِ اختیار سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اشتہارات اور ٹی وی ڈراموں کے ذریعے عورت کا استحصال ختم کیا جائے، تعلیمی اداروں میں تفریح کے نام پر فحش پروگرامات کی روک تھام یقینی بنائی جائے نیز نصابِ تعلیم و نظامِ تعلیم کو تصورِ حیا کی بنیاد پر استوار کیا جائے، تاکہ نوجوان نسل ایک پاکیزہ اور محفوظ معاشرے کے قیام کا ذریعہ بنے۔