بلوچستان کے سواپنجاب‘سندھ‘ پختونخوا کی جیلوں میں قیدی گنجائش سے زیادہ ہیں

97

اسلام آباد/ کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان کے سواپنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی موجودہیں، بلوچستان میں سزا یافتہ734 قیدی، انڈرٹرائل1342 قیدی،23 خواتین جبکہ35 بچے مختلف جیلوں میں قید ہیں۔ اس سلسلے میں وفاقی محتسب سیکرٹریٹ نے جیلوں میں خواتین کی حالت زار پر ساتویں عمل درآمد رپورٹ عدالت عظمیٰمیں جمع کرا دی۔ ان تینوں صوبوں کے برعکس بلوچستان کی جیلوں میں2585 قیدیوں کی گنجائش ہے جہاں 2107 قیدی موجود ہیں۔ وفاقی محتسب کی رپورٹ میں عدالت کو صوبوں میں جیلوں کی تعداد پر بھی آگاہ کیا گیا، جس کے مطابق پنجاب میں43، سندھ میں24، خیبر پختونخوا میں38 اور بلوچستان میں11 جیل خانے ہیں۔ رپورٹ میں فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب کی جیلوں میں مجموعی طور پر36806 قیدیوں کی گنجائش کے مقابلے میں23848 قیدی موجود ہیں، اسی طرح سندھ کی جیلوں میں13 ہزار قیدیوں کی گنجائش ہے جبکہ یہاں17 ہزار 322 قیدیوں کو رکھا گیا ہے، خیبر پختونخوا میں11170 قیدیوں کی گنجائش ہے جہاں11891 قیدیوں کو رکھا گیا ہے۔