عمران خان کا بیان جگ ہنسائی کے مترادف ہے، نیر بخاری

95

اسلام آباد (آن لائن )پاکستان پیپلز پارٹی کی سیکرٹری جنرل نیر بخاری نے کہا ہے کہ اپوزیشن سے متعلق عمران خان کا غیر ذمے دارانہ بیان جگ ہنسائی کے مترادف ہے، وزیراعظم آدھی سے زیادہ پارلیمنٹ پر مشتمل اپوزیشن کو بھارت سے ملانے پر قوم سے معافی مانگیں۔ اپنے ایک بیان میں نیر بخاری نے کہا کہ بے وقوف شخص ہی اپنی جان سے عزیز ملک پر اپنے ذاتی مفاد کو ترجیح دیکر پاگل پن کا مظاہرہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے وزیراعظم کو قومی معاملات اظہار خیال سے قبل سو بار سوچ بچار کرنی چاہیے۔ ایف اے ٹی ایف جیسے حساس معاملہ پر تنقیدی بیان بازی عہدہ وزیراعظم کے شایان شان نہیں۔ نیر بخاری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے مشکل میں گھٹنے پکڑنا اور بعد میں زبان درازی کرنا وتیرہ بنا لیا ہے۔ پیپلزپارٹی ملکی سلامتی کے معاملے پر دباؤ کے بجائے شہادتیں قبول کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو بے اہمیت کرنے والی حکومت کو قانون سازی پر متوجہ کرنے والی اپوزیشن نے ملکی قومی عوامی مفاد کی قانون سازی میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی۔ نیر بخاری نے مزید کہا کہ صدر ہاؤس کو آرڈنینس فیکٹری بنانے والے وزیراعظم کی منہ سے قانون سازی کا لفظ عجوبہ ہے۔