عافیہ پاکستان کی تاریخ بن چکی ہے، فراموش کرنا ممکن نہیں ہے: ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

248

کراچی(اسٹاف رپورٹر) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ عافیہ پاکستان کی تاریخ کا حصہ بن چکی ہے، جسے فراموش کرنا ممکن نہیں ہے۔

سابقہ حکمرانوں کی موجودہ حکمران بھی تاریخی غلطی کررہے ہیں۔ آج سے ٹھیک 12 سال پہلے 2008 ء میں، مجھے عمران خان نے ہی کہا تھا کہ آپ کو سڑکوں پر نکلنا ہوگا، عافیہ گھر بیٹھے رہنے سے واپس نہیں آئے گی۔انہوں نے سوال کیا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کیلئے اب مجھے عمران خان کی حکومت میں سڑکو ں پر نکلتے ہوئے شرم نہیں آئے گی۔

وہ اپنی رہائش گاہ پر مختلف سیاسی و سماجی رہنماؤں سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کررہی تھیں جن میں ہم ہیں شاہین فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید عماد الدین، شہری تنظیم پاکستان کے چیئرمین رضوان اشرف،صدر وومین ونگ ڈاکٹر روبینہ یاسمین،طارق محمود سینٹرل جوائنٹ سیکریٹری،تنظیم محبان کراچی کے مرکزی رہنما سید اویس بخاری، معروف سماجی رہنما طحہٰ حمدانی، وزیررضا،افضل وارثی، سیداسد علی شاہ بخاری و دیگر موجود تھے۔

ڈاکٹر فوزیہ نے اجلاس کے شرکاء کو مزید بتایا کہ 2 سال پہلے پاکستانی قونصلر جنرل عائشہ فاروقی نے عافیہ سے امریکی جیل میں ملاقات کے بعد وزارت خارجہ میں جو رپورٹ جمع کرائی تھی اس کے مطابق عافیہ کی ذہنی اور جسمانی حالت قابل تشویش تھی۔ کووڈ19 کے بعد کارزویل ویل جیل سے مسلسل تشویشناک اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ تواتر کے ساتھ مجرم قیدیوں کی سزائیں معاف کررہے ہیں جبکہ عافیہ تو بے گناہ ہے۔حکومت پاکستان عافیہ کی رہائی کے مواقع مسلسل ضایع کررہی ہے۔ اجلاس میں شریک شہری تنظیم پاکستان کے چیئرمین رضوان شمس، ہم ہیں شاہین فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید عماد الدین، اورتنظیم محبان کراچی کے مرکزی رہنما سید اویس بخاری نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو جلد ہی مختلف پروگرامات کے انعقاد کا سلسلہ شروع کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اب ہر سطح پر عافیہ رہائی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔