اسرائیل میں کورونا کے یومیہ کیسز میں اچانک اضافہ، حکام پریشان

297

اسرائیل میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز کی تعداد میں اچانک اضافہ ہوگیا۔ 24 گھنٹے کے دوران 3 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوگئے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیل کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے یومیہ کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، صرف ایک دن میں 3073 مریض سامنے آئے ہیں۔

وزارت صحت کے مطابق وبا کے آغاز سے اب تک روزانہ کی بنیاد پر یہ تعداد زیادہ ہے، پچھلے تین ماہ سے یومیہ کیسز کی اوسطاً تعداد 1500 سے 2000 تک تھی۔ آج رپورٹ ہونے والے کیسز کے بعد ملک میں کُل مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 22 ہزار 539 جب کہ 969 اموات ہوچکی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 3073 میں سے 418 کورونا مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ 418 میں سے 118 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔

اسرائیل کے کووڈ-19 کے کمشنر نے کورونا کیسز کی تعداد میں اضافے کی وجہ حکومت کے حالیہ فیصلوں کو قرار دیا ہے۔

کمشنر نے کہا کہ حکومت نے دو ہفتے قبل روایتی مذہبی مطالعہ کے لیے یہودی تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا جس کے بعد سے کیسز میں اضافہ ہوا۔

وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے حالیہ فیصلوں پر نظر ثانی کرے اور تعلیمی اداروں کی بندش میں توسیع کرے۔