اپوزیشن کا انتشار کا ایجنڈہ کامیاب نہیں ہونے دینگے، گورنر پنجاب

117
لاہور: گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد ملاقات کررہے ہیں

لاہور (آن لائن) گور نر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا انتشار اور جلائوگھیرائو کاایجنڈہ کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے، مخالفین صبر کے ساتھ2023ء کے عام انتخابات تک انتظار کر یں۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد اور رکن اسمبلی عاصم نذیر اور دیگر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے چودھری سرورکا کہنا تھا کہ اپوزیشن آئے روز احتجاج  کی باتیں کر کے سیاسی طور پر زندہ رہنے کی کوشش کر رہی ہے مگر پاکستانی عوام جانتے ہیں کہ اپوزیشن کے پاس ملکی و عوامی ترقی کا نہیں صرف اپنے مفادات کے بچائو کا ایجنڈہ ہے مگر حکومت عوامی طاقت سے اپوزیشن کے ایسے تمام ایجنڈوں کو ناکام بنائے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے کر پشن کے خاتمے ،شفافیت اور میرٹ کے لیے جو سخت فیصلے کیے ہیں انکی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ اُنہوں نے کہا کہ آج کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں۔ گورنر نے کہا کہ معاشی میدان میں دُنیا پاکستان کی کامیابیوں کا اعتراف کررہی ہے اور غیر ملکی سر مایہ کاری میں اضافہ بھی حکومت کی کامیاب پالیسیوں کا ثبوت ہے۔ چودھری سرور نے کہا کہ سیاسی مخالفین نے اپنے دَور میں ملک کو اربوں ڈالرز کا مقرو ض کیا ، کر پشن جیسے مسائل دیے اور آج پاکستان کی ترقی ان لوگوں کو برداشت نہیں ہو رہی اس لیے وہ حکومت کے خلاف منفی پر وپیگنڈہ کر رہے ہیں۔ ملاقات کے دوران سیاسی اور حکومتی امور ،فیصل آباد میں تر قیاتی منصوبوں ،فیڈ مک کے پراجیکٹس سمیت دیگر ایشوزکے بارے بات چیت کی گئی۔