میونسپل کمشنر بلدیہ اعلیٰ کو سیاست زدہ کررہے ہیں، راشد خلجی

112

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) حق پر ست رکن صوبائی اسمبلی راشد خلجی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایچ ایم سی کی جانب سے ہفتہ صفائی کے نام پرپیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی کو بلوا کر صاف ستھری سڑک پر جھاڑو لگا کر آغاز کیا ۔ انہوںنے مزید کہا کہ میونسپل کمشنر کو زیب نہیں دیتا کہ کسی مخصوص سیا سی لوگوں کے ساتھ اپنی وابستگیوں کا سلسلہ جاری رکھیں۔میونسپل کمشنر نے
اپنے اچھے اقدام کو بھی سیاست کی بھینٹ چڑھا کر عصبیت کا مظاہرہ کیا۔ پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن صوبائی اسمبلی نے گزشتہ روز نمائشی ہفتہ صفائی کا ڈھونگ رچاکر صاف سٹرکوں پر جھاڑوں لگا کر عوام کوبیوقوف بنانے اور اپنا سیاسی قدبڑھا نے کی ناکام کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ شدید غیر معمولی بارشوں میں موصو ف رکن سندھ اسمبلی کا اپنے حلقہ انتخاب میں بیشتر علاقوں میںجمع پانی کیچڑکی صورت میں عوام کیلیے اذیت بناہواہے جس کی وجہ سے بچوں، بڑوں میں بیماریوں پھوٹ پڑی ہیں۔ انہوں نے میونسپل کمشنرکو مشورہ دیا کہ وہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر شہریوں کو میونسپل سروسز کو بہتر بنانے کیلیے اپنی کوشش تیز کریں تو وہ ان کے لیے بہتر ہو گا۔