سندھ حکومت نے کیماڑی کوضلع بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

312

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے کیماڑی کو ضلع بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بلدیہ،منگھو پیر، اورنگی اور مومن آباد سب ڈویژن رہیں گے۔

کیماڑی ضلع میں سائٹ ایریا، بلدیہ، بندرگاہ اور ماڑی پور کے علاقے شامل ہوں گے۔ کراچی کے ضلع جنوبی کو تقسیم کرکے یہ نیا ضلع بنایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 20 اگست کو سندھ کابینہ نے کراچی کے علاقے کیماڑی کو ساتواں ضلع بنانے کی منظوری دے دی تھی۔اس سے قبل کراچی کے چھ اضلاع شرقی، غربی، جنوبی، وسطی، ملیر اور ضلع کورنگی تھے۔صوبائی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ جو اضلاع بڑے ہیں ان کو مزید تقسیم کرنے کی تجاویز بھی دی جائیں۔

صوبائی کابینہ اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع غربی میں7 سب ڈویژن ہیں ۔آبادی کے لحاظ سے ضلع غربی پورے سندھ میں بڑا ضلع ہے جس کی آبادی 39لاکھ14ہزار757 ہے۔

قبل ازیں 2013 میں بھی سندھ حکومت نے کراچی کو تقسیم کر کے چھٹا ضلع بنایا تھا۔ اکتوبر2013 تک کراچی ضلع شرقی، ضلع غربی، ضلع جنوبی، ضلع وسطی اور ضلع ملیر پر مشتمل تھا۔ بعد ازاں ضلع شرقی کو تقسیم کرکے چھٹا ضلع کورنگی بنایا گیا تھا۔

کورنگی میں شاہ فیصل کالونی، ماڈل کالونی، کورنگی، لانڈھی اور گلستان جوہر کے علاقے شامل کیے گئے تھے۔قبل ازیں سندھ حکومت نے 12 اکتوبر2013 کو صوبہ سندھ کے ایک اور ضلع ’ٹھٹھہ‘ کو تقسیم کر کے نیا ضلع سجاول بنا تھا۔