ایس ایم بچاؤ بند سمیت تمام حفاظتی بندوں کی 24 گھنٹے نگرانی کی ہدایت

137

نواب شاہ (رپورٹ محمد عامر شیخ)کمشنر شہیدبینظیرآباد ڈویژن سید محسن علی شاہ نے ڈپٹی کمشنرشہید بینظیرآباد ابراراحمد جعفر، چیف انجنئیر ارشاد علی میمن ودیگر افسران
کے ساتھ ضلع شہیدبینظیرآباد کے حدود میں دریائے سندھ کے حفاظتی بندوں کا تفصیلی دورہ کرکے پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور ہدایات جاری کیں جبکہ معائنہ کے راستے کی حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے غیر اطمینان بخش قرار دیا۔اس موقع پر کمشنر سید محسن علی شاہ نے محکمہ آبپاشی کے افسران کو ہدایات دیں کہ اس وقت دریائے سندھ میں بڑے سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی ہے اور دریائے سندھ میں پانی کے بھاؤ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اس لیے ایس ایم بچاؤ بند سمیت تمام حفاظتی بندوں کی 24 گھنٹے نگرانی کی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی اطلاع متعلقہ ضلع انتظامیہ کو فوری دی جائے تاکہ عوام کی جان ومال کی حفاظت کے لیے فوری اقدامات کیے جاسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع انتظامیہ شہیدبینظیرآباد دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ریلیف کیمپس قائم کرنے اور کچے کے علاقے میں بسنے والے افراد کو باہر نکالنے کے لیے ان سے رابطہ کریں اور کشتیوں کا بھی انتظام کریں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنرشہید بینظیرآباد ابراراحمد جعفر نے کمشنر شہیدبینظیرآباد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع انتظامیہ کچے کے علاقوں میں رہائش پذیر افراد سے مکمل رابطے میں ہیں اور انہیں پکے پر منتقل ہونے کے لیے وارننگ جاری کردی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت پانی کم ہونے کی وجہ سے مقامی افراد نقل مکانی سے انکار کررہے ہیں زیادہ پانی آنے کی صورت میں ان کو باہر نکالنے کے لیے کشتیوں کا بندوبست کیا گیا ہے اور ریلیف کیمپوں کیلیے بھی انتظامات کیے گئے ہیں۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر قاضی احمد عبدالقدیر و دیگر افسران موجود تھے۔بعد ازاں کمشنر سید محسن علی شاہ نے ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز کیپٹن (ر) بلال شاہد رائو کے ساتھ ضلع نوشہرو فیروز کے حدود میں گذرنے والے دریائے سندھ کی بکری پوائنٹ کا بھی دورہ کرکے پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔