روزمرہ استعمال کی اشیاغریب کی پہنچ سے دور ،مزید 20 کی قیمتوں میں اضافہ

54

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی ادارہ شماریات نے اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں کمی اور اضافے سے متعلق ہفتے وار رپورٹ جاری کر دی ۔ایک ہفتے کے دوران مجموعی طور پر20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ مہنگائی میں مجموعی طور پر 0.80 فیصداضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹرکی فی کلو اوسط قیمت میں 16 روپے کا اضافہ ہوا ۔ ٹماٹر کی اصل قیمت 60 روپے 66 پیسے سے بڑھ کر 76 روپے 78 پیسے ہوئی ۔ لہسن کی فی کلو قیمت میں 4 روپے 89 پیسے، پیاز کی فی کلو قیمت میں 5 روپے 17 پیسے،آلو کی فی کلو اوسط قیمت میں 2 روپے 6 پیسے، دال چنا کی فی کلو اوسط قیمت میں2 روپے 59 پیسے اور بوائلر چکن کی فی کلو قیمت میں ساڑھے 5 روپے کا اضافہ ہوا جبکہ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 20 روپے مہنگا ہوا۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران گھی، دال مونگ، گڑ اور تازہ دودھ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ 6 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی۔