پاکستان ریلوے کا ہیڈ کوارٹر لاہور سے کراچی منتقل کرنے کا اعلان

47

لاہور (نمائندہ جسارت ) پاکستان ریلوے کا ہیڈ کوارٹر لاہور سے کراچی منتقل کرنے کا اعلان۔ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے ریلوے کا مرکزی دفتر بھی وہیں ہونا چاہیے، لاہور میں واقع ریلوے ہیڈ کوارٹر کا نصف حصہ شہر قائد منتقل کر دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی جانب سے ہفتے کے روز پاکستان ریلوے کے حوالے سے اہم اعلان کیا گیا ہے۔وزیر ریلوے کا کہنا ہے کہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں واقع ریلوے ہیڈ کوارٹر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کراچی ملک کا معاشی حب ہے ریلوے کا ہیڈ کوارٹر بھی وہیں ہونا چاہیے۔ ابتدائی طور پر ریلوے ہیڈ کوارٹر کا نصف حصہ لاہور سے کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر ریلوے کا مزید کہنا ہے کہ رواں سال کی ایک اچھی خبر تو ایم ایل ون منصوبہ ہے جبکہ دوسری خوشخبری کراچی سرکلر ریلوے ہے ، کے سی آر ٹریک کو ڈبل کیاجائے گا۔ایم ایل ون کا انٹرنیشنل ٹینڈر 12 ستمبر کو جاری کررہے ہیں اور اس کی پبلسٹی بھی اسی دن سے شروع کریںگے۔ جبکہ کے سی آر کا11کلومیٹرتک کا ٹریک مکمل کرلیا گیا ہے۔ فیز ون میں ہم کے سی آر کا سنگل ٹریک مکمل کریں گے اور سیکنڈ فیز میں اس کو ڈبل ٹریک کریں گے جبکہ 30 دسمبر تک ہم کے سی آر کے سنگل ٹریک کو مکمل کردیں گے۔