حسینؓ نے ظلم اور جہالت کیخلاف علم حق بلند کیا، نصر اللہ چنا

45

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی ضلع جیکب آباد کی جانب سے شہادت حسینؓ کی تقریبات کے سلسلے میں حافظ نصر اللہ چنا نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ و نگراں ضلع جیکب آباد نے رانجھاپور، یوسی مبارک پور تعلقہ ٹھل اور بابو محلہ تعلقہ جیکب آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حسینؓ نے اطاعت رب کریم اور اتباع رسول صلی اللہ علیہ وسلم کرتے ہوئے دین اسلام میں رائج ہونے والے ناجائز طریقے، بے اصولی، نا انصافی اور بیت المال میں بے دریغ خیانت پر مبنی غیر اسلامی سیاسی اور معاشرتی روش کو دیکھتے ہوئے اس کو روکنے میں عظیم ترین قربانی دے کر ثابت کردیا کہ شریعت محمدی صلی اللہ علیہ وسلم کو زندہ رکھنے کے لیے امت مسلمہ کو اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ ہر وقت ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ حسینؓ نے ظلم، جہالت، کرپشن، ناانصافی اور اقربا پروری کیخلاف علم حق بلند کیا تاکہ ظالمانہ اور استحصالی نظام کو بدل کر حقیقی اسلامی نظام کا نفاذ ہو۔ اس لیے اب حسینی علمبرداروں کو ان ظالم، استحصالی طبقہ و نظام کے بدلنے کے لیے متحد ہوکر مقابلے کی ضرورت ہے تاکہ بنی نوع انسانی فلاحی نظام کو پھر سے انسانیت کے فلاح کے لیے قائم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں اپنے قیام کے روز اول سے ہی ایماندار، دیانتدار اور باکردار قیادت کے ساتھ ملک میں حسینؓ کے مشن کو جاری رکھے ہوئی ہے۔ تقریبات میں کارکنان کے ساتھ بہت بڑی تعداد میں عوام نے بھی شرکت کی۔