بدین،پانی کی نکاسی نہ ہوسکی،سیم نالوں میں مزید شگاف

38

بدین (نمائندہ جسارت) صوبائی وزرا اور اراکین اسمبلی کے متاثرہ علاقوں کے دورے، بارش کے پانی کی زیر آب علاقوں سے تاحال نکاسی نہ ہو سکی، سیم نالوں میں مزید شگاف۔ بارشوں سیم نالوں اور نہروں میں پڑنے والے شگافوں کا پانی تاحال زیر آب علاقوں سے نکاس نہیں ہوسکا جبکہ گوراچی کے سیم نالے ون آر کو گوٹھ شفیع محمد خاصخیلی کے مقام پر پڑنے والا پچاس فٹ کا شگاف بند نہ ہونے کے باعث ملحقہ علاقہ کے گوٹھ اور کاشت فصلیں زیر آب آگئی ہیں۔ ٹنڈو باگو تحصیل کی سلطان واہ شاخ میں شگاف پڑنے سے یونین کونسل ڈئی اور ڈاڈا کے علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ صوبائی وزرا سہیل انور سیال، اسماعیل راہو، وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی پیر نوراللہ قریشی، سیڈا کے چیئرمین قبول محمد کھٹیان، اراکین اسمبلی حاجی تاج محمد ملاح اور دیگر نے بارشوں اور شگافوں سے زیر آب آنے والے تحصیل بدین، گولارچی اور ٹنڈو باگو کے متاثرہ علاقوں کے دورے کر کے متاثرین سے ملاقات کی اور ان سے اظہار ہمدری کرتے ہوئے ان کی ہر ممکن امداد اور نقصان کے ازالے کی یقین دہانی کرائی۔ جی ڈی اے کے پارلمانی لیڈر بیرسٹر حسنین مرزا نے بھی تحلیل ہونے والی ضلع کونسل، میونسپل کمیٹی اور یونین کونسل کے اراکین لطف ملکانی، ڈاکٹر نوید گاڈی، ملک اختر اعوان، عمران سومرو، گلزار میمن، طارق میمن اور دیگر کے ہمراہ بدین، گولارچی اور ٹنڈو باگو تحصیل کے مختلف بارش اور شگاف سے متاثرہ علاقوں کے دورے کا سلسلہ جاری رکھا، متاثرین سے ملاقات کی اور صورتحال کا جائزہ لے کر ان سے اظہار ہمدری کرتے ہوئے ہر ممکن مدد اور نقصان کے ازالے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے رابطہ کر کے مسئلے کے حل کی یقین دہانی کرائی۔