نیب حکومت کی بی ٹیم کا کردار ادا کر رہا ہے‘ فضل الرحمن

45

ڈیرہ اسماعیل خان(صباح نیوز)جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی سلیکٹڈ حکومت ہر محاذ پر مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، حکومت کی ناقص پالیسیوں کیخلاف اپوزیشن جماعت ایک پیج پر متحد ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان شہر میں جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی جنرل سیکرٹری چودھری اشفاق ایڈووکیٹ
کی رہائشگاہ پر جماعتی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ 7 ستمبرکو پوری قوم یوم الفتح منائیگی، آئین میں قادیانیوں کو اقلیت قرار دیا گیا ہے، پشاور میں 7ستمبر2020ء کو جمعیت علمائے اسلام کے زیر اہتمام عظیم الشان’’یوم فتح ختم نبوتؐ کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا جارہا ہے، جس میں بڑی تعداد میں مسلمان شریک ہونگے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سلیکٹڈ حکومت ہر محاذ پر مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، حکومت کی ناقص پالیسیوں کیخلاف اپوزیشن جماعت ایک پیج پر متحد ہیں ۔ 20ستمبر2020ء کو اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے جس کا مقصد سلیکٹڈ حکومت سے عوام کو نجات دلانا اور ملک میں از سرنو صاف شفاف انتخابات کا انعقاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب حکومت کی بی ٹیم کا کردار ادا کر رہی ہے اور اس کومحض مخالفین کو دبانے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔