کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ’’رن فار کشمیر‘‘ واک کا اہتمام

120

سفارت خانہ ریاض کے تحت مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے ڈپلومیٹک کوارٹرز میں ’’رن فار کشمیر‘‘ کے عنوان سے واک کا اہتمام کیا گیا، جس سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان راجا علی اعجاز نے کہا ہے کہ جب تک بھارت کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق نہیں دیتا، تب تک پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ مل کر بھارتی مظالم کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔
’’رن فار کشمیر‘‘ میں سفارتی عملے سمیت پاکستانی اور کشمیری برادری کے افراد نے شرکت کی۔ واک کا مقصد عالمی برادری کی کشمیر میں جاری مظالم کی جانب توجہ مبذول کروانا تھا۔ اس موقع پر مطالبہ کیا گیا کہ دنیا کشمیر میں جاری مظالم رکوانے سمیت کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دلانے کے لیے عملی اور ٹھوس اقدامات کرے۔ سفارت خانہ پاکستان سے شروع ہونے والی 3 کلومیٹر طویل احتجاجی واک دنیا کے مختلف سفارت خانوں سے ہوکر گزری۔ منتظمین کے مطابق رن فار کشمیر واک کشمیریوں کی حمایت کے لیے انٹرنیشنل ورچوئل واک کا حصہ ہے جو 14 اگست سے لے کر 30 ستمبر تک جاری رہے گی جس میں پوری دنیا میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے واک کا اہتمام کیا جائے گا اور اس بات کا اعادہ کیا جائے گا کہ کشمیریوں کی آزادی تک ان کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھی جائے گی۔ رن فار کشمیر ویب سائٹ کے مطابق 14 اگست سے شروع ہونے والی اس ورچوئل واک میں اب تک تک تقریباً 18 ہزار افراد شرکت کر چکے ہیں۔