ناموس رسالت مارچ سے حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، یحییٰ قادری

86

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ناظم اعلیٰ سندھ تحریک لبیک پاکستان صوفی یحییٰ قادری نے کہا ہے کہ ملک بھر میں فرانس کیخلاف لاکھوں مسلمانوں کے پُرامن ناموس رسالت مارچ سے حکومت اور عالم کفر بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ بیرونی آقائوں کو خوش کرنے کے لیے حکومت نے ایک بار پھر اللہ کے گھر مسجد رحمت اللعالمین کے تقدس کو پامال کیا اور قائد تحریک علامہ خادم حسین رضوی کو گرفتار کرنے کی ناپاک کوشش کی جبکہ کے پی کے میں ڈاکٹر شفیق امینی سمیت دیگر ذمے داران اور کارکنان کو گرفتار کرلیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو چاہیے تھا کہ وہ فرانس کے اس ناپاک اقدام کیخلاف عالمی، سیاسی اور سفارتی سطح پر سخت اقدامات کرتی مگر ناموس رسالت کے پروانوں کیخلاف یہ گھٹیا اقدام کرکے حکومت نے خود کو اس بار بھی یہود و نصاریٰ کا ایجنٹ ثابت کیا۔ تحریک لبیک پاکستان اور قائد علامہ خادم حسین رضوی دنیا بھر کے مسلمانوں کے دل کی دھڑکن بن چکے ہیں۔ تحریک کو اوچھے ہتھکنڈوں سے نہیں دبایا جاسکتا۔ گرفتاریوں اور مقدمات سے ناموس رسالت کے لیے اٹھائی گئی آواز کو نہیں دبایا جاسکتا، حکومت نے اس سلسلے کو بند نہ کیا تو کارکنان ہر قسم کی صورتحال کے لیے تیار ہیں۔