دنیا بھر میں خواتین کی اموات سب سے زیادہ بلوچستان میں

203

کوئٹہ: ارکان بلوچستان اسمبلی اور این جی او کے نمائندوں نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں جس خطے میں خواتین کی شرح اموات سب سے زیادہ ہے وہ بلوچستان ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق حقوق نسواں اور بلوچستان میں خواتین کی حالت زار سے متعلق فلاحی اداروں اور پارلیمنٹ ارکان کے درمیان میٹنگ ہوئی جس میں خواتین کی فلاح و بہبود کے حوالے سے بلوچستان اسمبلی میں بل پیش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

میٹنگ میں کئی ایک اہم شخصیات نے شرکت کی جس میں بلوچستان اسمبلی کے ممبر ثناء بلوچ، چئیرمین پبلک اکاؤنٹ کمیٹی اختر حسین، خدمت خلق فاؤنڈیشن، چئیرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے خواتین احمد نواز بلوچ، اور سیکریٹری جنرل کوئٹہ پریس کلب ظفر بلوچ کے علاوہ بچوں اور خواتین کے حقوق کیلئے کام کرنے والے دیگر اداروں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

میٹنگ میں کہا گیا کہ بلوچستان وہ صوبہ ہے جہاں خواتین کی تعلیم نہ ہونے کے برابر ہے۔ لڑکیوں کو کسی نہ کسی وجوہات کی بنا پر اسکولوں سے نکلوادیا جاتا ہے جس کے باعث انہیں دوسرے شہروں یا خطوں کا رُخ کرنا پڑتا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بلوچستان میں خواتین کا طبقہ انتہائی کمزور ہے۔ عالمی سطح پر خواتین کی شرح اموات بلوچستان میں سب سے زیادہ ہے۔ خواتین کو انصاف نہیں مل پاتا کیونکہ انہیں موجودہ سہولیات و مراعات سے آگاہی نہیں ہے۔

اس موقع پر ثناء بلوچ کا کہنا تھا کہ ان کے پاس دو سال سے اس عہدے پر رہتے ہوئے اس مسئلے سے متعلق کوئی بِل نہیں آیا۔ وہ جلد اس حوالے سے بِل صوبائی اسمبلی میں پیش کریں گے۔