نیب نے ایل ڈی اے سٹی کیس میں احد چیمہ کے خلاف تحقیقات بند کردیں

103

لاہور (نمائندہ جسارت)نیب نے لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ کے خلاف ایل ڈی اے سٹی کیس میں انویسٹی گیشن بند کرنے کے لیے احتساب عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔ احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے نوٹس جاری کرتے ہوئے وکلا کو 11 ستمبر کو معاملے پر بحث کے لیے طلب کرلیا ۔نیب نے احتساب عدالت میں دائر اپنی درخواست میں ایل ڈی اے سٹی میں نامزد سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سمیت 9افراد
کے خلاف تحقیقات بند کرنے کی استدعا کی۔نیب استغاثہ نے موقف اپنایا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر ایل ڈی اے سٹی نے متاثرین کو پلاٹس دینے کی یقین دہانی کرائی ہے انہوں نے بتایا کہ ٹھیکیداروں نے ایل ڈی اے سٹی کی 90 فیصد زمین فراہم کردی ہے۔علاوہ ازیںآمدن سے زائد اثاثے بنانے کے کیس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد پر فرد جرم عائد کردی گئی ۔ اس ضمن میں موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں فود حسن فواد سمیت 4 ملزمان پر فرد جرم عائد کی ۔ دیگر ملزمان میں رباب حسن، وقار حسن، انجم حسن شامل ہیں۔ چاروں ملزمان کی طرف سے صحت جرم سے انکار کیا گیا تاہم عدالت نے ملزمان کی بریت کی درخواست واپس کرتے ہوئے ان پر فرد جرم عائد کردی اور اگلی سماعت پر گوہان کو بیانات کے لیے طلب کرلیا گیا ہے ۔ یاد رہے کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب کی جانب سے فواد حسن فواد کے خلاف عدالت میں ریفرنس دائر کیا گیا جس کے مطابق فواد حسن فواد پر 4 ارب 56 کروڑ 51 لاکھ 26 ہزار 904 روپے غیر قانونی طور پر اثاثہ جات بنانے کا الزام ہے ۔