کراچی(نمائندہ جسارت)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وفاق سے سندھ میں حالیہ بارشوں میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے فی کس 5 لاکھ روپے اور زخمیوں کو فی کس2 لاکھ روپے امداد دینے کے اعلان کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم کے نام ایک اور خط لکھ دیا جس میں انہوں نے کراچی کا دورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ خط میں کہا گیا کہ سندھ میں مون سون سیزن نے بڑی اور ناقابل تلافی تباہی مچائی ہے لہٰذا بارش میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس5 لاکھ اور زخمیوں کو فی کس2 لاکھ روپے امداد دی جائے‘ بارش سے متاثرہ خاندانوں کے لیے ایک لاکھ روپے نقد امداد دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ خط میں مزید کہا گیا کہ کاشتکاروں کے نقصانات کے ازالے کے لیے زرعی بینک کے قرض معاف یا ادائیگیاں مؤخر کی جائیں‘ موسمیاتی تبدیلی اور طوفانی بارش کے سلسلے کے باعث نہری نظام بری طرح متاثر ہواہے‘ عالمی ماہرین نے سندھ میں دریائوں اور آبپاشی نظام کی بحالی کے لیے جامع پلان دیا ہے‘ سندھ حکومت تنہا آبپاشی نظام کی بحالی کا کام نہیں کرسکتی‘ وفاق سندھ میں دریا اور نہری نظام کی بہتری کے لیے 43 ارب روپے فراہم کرے‘ عالمی ماہرین کی رپورٹ پر کام ہوا تو آئندہ سالوں میں نقصانات کم ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم کو لکھے گئے خط میں کہا کہ حالیہ بارش سے کراچی سمیت سندھ بھر میں انفرا اسٹرکچر کو 10 ارب کا نقصان ہوا‘ امید ہے وزیراعظم مدد کریں گے۔