کے الیکٹرک سب اسٹیشن سے پانی نکالے،وفاقی وزیر عمر ایوب

117

اسلام آباد(اے پی پی) عدالت عظمیٰ کے احکامات پر کے الیکٹرک سے متعلق وفاقی وزیر پاور اور پیٹرولیم عمر ایوب خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔ جس میں وزیراعظم کے معاونین خصوصی برائے پاور شہزاد قاسم اور ندیم بابر، چیئرمین نیپرا توصیف فاروقی، سیکرٹری پاور عمر رسول، کے الیکٹرک بورڈ کے چیئر مین بمعہ ممبران، سی ای او کے الیکٹرک، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی، این ٹی ڈی سی اور پاور ڈویژن کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کے الیکٹرک کے معاملات کے لیے ون ونڈو آپریشن کے لیے ایڈیشنل سیکرٹری پاور وسیم مختار کی صدارت میں کمیٹی قائم کی گئی۔ کمیٹی میں پیٹرولیم ڈویژن کے ایڈیشنل سیکرٹری، نیپرا، این ٹی ڈی سی، کے الیکٹرک ، سی پی پی اے اور پاور ڈویژن کے نمائندے شامل ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے کے الیکٹریک کو کراچی میں بجلی کے سب اسٹیشن سے پانی نکالنے کے لیے پمپ اور دوسری مشینری کا انتظام کرنے کی ہدایات دیں۔ ایس ایس جی سی کورنگی میں پاور پلانٹس کے لیے گیس پریشر کو بڑھائے گا جس سے 100سے 150میگاواٹ کی اضافی بجلی دستیاب ہو گی۔ نیپرا نے عدالت عظمیٰ کے احکامات کی روشنی میں پبلک سنوائی شروع کرنے اور ان پر فیصلہ کرنے سے متعلق بھی اجلاس کو بریفنگ دی ۔