اسلام آباد میں 5 سرکاری املاک 15 کروڑ64 لاکھ روپے میں نیلام

54

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)اسلام آباد میں 5سرکاری املاک کو 15 کروڑ 64 لاکھ 50 ہزار روپے میں نیلام کر دیا گیا۔ نجکاری کمیشن کی جانب سے سرکاری املاک کی مجموعی طور پر ریزرو قیمت 14کروڑ5 لاکھ 25 ہزار مقرر کی گئی تھی۔وفاقی حکومت نے سرکاری زمینیں بیچ کر زرمبادلہ کمانے کے منصوبہ پر عملدآمدکا آغاز کردیا ہے ، پہلے مرحلے میں اسلام آباد میں نیلامی کے لیے طے شدہ 5 املاک کی اوپن نیلامی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔پیر سوہاوہ میں موجود سرکاری زمین کو ایک کروڑ 92 لاکھ، اسلام آباد کنٹری کلب میں واقع 2 اپارٹمنٹس6 کروڑ 10 لاکھ، سینٹورس مال میں موجود ایرا اپارٹمنٹس کو 6 کروڑ 10 لاکھ جبکہ پی ایچ اے جی سیون ٹو میں ایرا اپارٹمنٹس ایک کروڑ 52 لاکھ 50 ہزار میں نیلام کردیے۔اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں سرکاری املاک کی نیلامی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نجکاری کمیشن میاں محمد سومرو کا کہنا تھا کہوزیراعظم کے وژن کے مطابق شفاف نیلامی سے اداروں کے نقصانات اور قرضوں میں کمی ہوگی، 4سال کے بعد نیلامی کا عمل دوبارہ شروع ہوا جو جاری رہے گا جبکہ 19سرکاری پراپرٹی کی نیلامی کی جا رہی ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری املاک کی نیلامی سے حکومت کو قرض کی ادائیگیوں میں آسانی ہوگی،مختلف وزارتوں میں پڑی غیر استعمال شدہ املاک کی فروخت ضروری ہے، 50 سال سے وزارتیں املاک کو لے کر بیٹھی ہیں جن کا کوئی فائدہ نہیں ہوا، حکومت کی املاک ریلوے جہاز اور اسٹیشنز ہیں، باقی ساری زمینیں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی ہیں،میری ٹائم کی زمین پر ایف بی آر اور کے پی ٹی کا تنازع چل رہا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز زلفی بخاری نے کہا کہ ہماری حکومت کسی بھی ملکیت کو ایسے نہیں پڑا رہنے دے گی کہ اس کا استعمال ہی نہ ہوا، کنسٹرکشن پیکیج کے باعث رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں نمایاں بہتری آئی ہے۔