وطن دشمنوں کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، منور حسین

137

سکھر (نمائندہ جسارت) پاکستان تحریک انصاف ضلع سکھر کے زیر اہتمام کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شہداء افواج پاکستا ن کو خراج عقیدت پیش کرنے اور کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے سلسلے میں پی ٹی آئی نادرن سندھ سکھر ریجن کے جنرل سیکرٹری مبین خان جتوئی کی ہدایات پر ملٹری روڈ تا سکھر پریس کلب ریلی نکالی اور پاک افواج زندہ باد، پاکستان زندہ باد، کشمیر بنے گا پاکستان کی فلک شگاف نعرے بازی کی۔ ریلی کی قیادت پی ٹی آئی ضلع سکھر کے صدر منور حسین چوہان، کاشف قاضی، ایڈووکیٹ ظہیر بابر، بلاول سومرو، لیاقت ڈریھیو، داوا خان، صباء بھٹی و دیگر رہنما کررہے تھے۔ شرکاء ریلی نے شہداء افواج پاکستان سمیت دیگر سیکورٹی فورسز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور ملک کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہ کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت 1965ء کی جنگ کو یاد رکھے، یہ قوم سرفروشوں کی قوم ہے جن کے جوش و جذبے کے سامنے گولہ بارود کچھ بھی نہیں، ہم سر تو کٹا سکتے ہیں لیکن وطن عزیز کی سلامتی اور اس کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے دشمنوں کی سازش کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ مذکورہ رہنمائوں نے بھارت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنا قبلہ درست کرے اور کوئی ایسی غلطی کرنے کی جرأت نہ کرے کہ اس کا نام ہی صفحہ ہستی سے مٹ جائے، مذکورہ رہنمائوں کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری ہمارے بھائی ہیں اور پوری قوم ان کی آزادی کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے جلد کشمیری آزادی کا سورج طلوع ہوتے دیکھیں گے۔