خاتون صحافی کا قتل بلوچستان کو انارکی میںدھکیلنے کی سازش ہے‘دردانہ صدیقی

134

کراچی(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے بلوچستان میں خاتون صحافی اور انسانی حقوق کی کارکن شاہینہ شاہین بلوچ کے بہیمانہ قتل پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس ظالمانہ کارروائی کی بھرپور مذمت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ چند ہفتے قبل نوجوان طالبعلم حیات بلوچ اور
اب خاتون صحافی شاہینہ شاہین کے قتل سے محسوس یوں ہوتا ہے کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت بلوچستان کو انارکی جانب دھکیلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقتولہ ایک باصلاحیت نوجوان تھیں اور وہ بلوچستان کی بچیوں کے لیے بہت کچھ کرنے کا عزم رکھتی تھیں مگر اس کے خوابوں سمیت اس کی آنکھوں کو بند کردیا گیا جو کسی طور قابل برداشت نہیں۔ کسی قوم کے نام پر نہیں بلکہ پاکستان کی ایک بیٹی کی حیثیت سے وہ ہم سب کا اثاثہ تھیں اور ان کا تحفظ ریاست کی ذمے داری تھی جس میں وہ ناکام رہی۔ انہوں نے شاہینہ شاہین کے اہل خانہ سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس گھناؤنے عمل کے پیچھے چھپے محرکات کو بے نقاب کیا جائے اور قتل میں ملوث عناصر کو عبرتناک سزا دی جائے۔