نوجوان سوشل میڈیا پر عافیہ کی طرح کے ہر مظلوم کے لئے آواز بلند کریں: ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

194

کراچی(اسٹاف رپورٹر) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے دنیا بھر سے انسانیت اور انصاف پسند افراد اور تنظیمیں کوششیں کررہے ہیں۔

پاکستان کے غیور عوام کے علاوہ برطانیہ، ترکی، ساؤتھ افریقہ اور دیگر ممالک کے لوگ بھی عافیہ موومنٹ کے ساتھ اس جدوجہد میں شامل ہیں۔ڈاکٹر فوزیہ اپنی رہائش گاہ پر اسٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ، ویمن ونگ کراچی کے تعاون سے منعقدہ ”سوشل میڈیاکانفرنس“کے شرکاء سے خطاب کررہی تھیں جس میں ایس وائی پی ویمن ونگ کراچی کی سینئر نائب صدر حافظہ حسیبہ رحمانی، نائب صدر نادیہ اکرم، جوائنٹ سیکریٹری حلیمہ اختر، فنانس سیکریٹری نورین عرب، ہیڈ سوشل میڈیا فبیحہ عروج، ڈپٹی ہیڈسوشل میڈیا اسماء چوہان و دیگر ممبران نے شرکت کی۔

ڈاکٹر فوزیہ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی تعلیمی زندگی کے بارے میں ”سوشل میڈیاکانفرنس“ کے شرکاء کو تفصیل سے آگاہ کیاکہ ڈاکٹر عافیہ نے ابتدائی جماعت سے پی ایچ ڈی تک تعلیمی میدان میں ہمیشہ نمایاں پوزیشن حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ 2003 ء میں عافیہ اپنا ”ایجوکیشن سٹی“ پلان لے کراس وقت کے سینیٹ کے چیئرمین اور عمران خان کی حکومت کے موجودہ وفاقی وزیر میاں محمد سومرو سے ملاقات کے لئے کراچی سے اسلام آبادجا رہی تھی کہ اسے اس کے تین کمسن بچوں سمیت اغواء کرلیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 23 ستمبر، 2010 ء کو عافیہ کو جرم بے گناہی کی پاداش میں 86 سال کی سزا سنائی گئی تھی۔

امریکی عدالت کے اس فیصلے کو دنیا بھر کے ماہرقانون دانوں نے رد کیا تھا۔ سابق امریکی اٹارنی جنرل رمزی کلارک نے کہا تھا کہ ”عافیہ صدیقی نے نہ تو قتل کیا اور نہ اقدام قتل، میں نے اپنے کیریئر میں جتنی ناانصافی اور ظلم عافیہ کے ساتھ دیکھا ہے کسی اور کے ساتھ نہیں دیکھا“۔

دنیا بھر میں موجود عافیہ موومنٹ کے سپورٹرز اس سال بھی 23 ستمبر کو ”یوم قتل انصاف“ منائیں گے۔ ڈاکٹر فوزیہ نے ”سوشل میڈیاکانفرنس“میں شریک طالبات و دیگر خواتین سے کہا کہ نوجوان سوشل میڈیا پر عافیہ کی طرح کے ہر مظلوم کے لئے آواز بلند کریں۔