بھارت: کورونا کے باعث ڈاکٹرز ذہنی تھکاوٹ کا شکار ہونے لگے

245

نئی دلی: بھارت میں کورونا وائرس کے بے قابو ہونے سے ڈاکٹرز ذہنی تھکاوٹ اور اضطرابی کیفیت کا شکار ہونے لگے ہیں۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت کے دارالحکومت نئی دلی کی اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی قلت اور مسلسل کام کرنے سے کئی ڈاکٹرز اضطرابی کیفیت کا شکار ہوگئے۔

بھارت کی دیگر ریاستوں سے دارالحکومت آنے والے کورونا مریضوں کے باعث نئی دلی کی اسپتالوں پر اضافی بوجھ پر رہا ہے۔

نئی دلی میں قائم میکس سمارٹ سپر اسپیشلائٹی اسپتال میں انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) پر 32 کورونا مریضوں کی گنجائش ہے، نیم صحت یاب ہونے والے مریضوں کو دیگر وارڈز میں منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ نئے آنے والے مریضوں کی جگہ بن سکے۔

رونک منکودی نامی ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز اضافی بوجھ کے باعث ذہنی تھکاوٹ اور اضطرابی کیفیت کا شکار ہوچکے ہیں۔

ڈاکٹر منکودی کا کہنا ہے کہ حکام کو چاہیے کہ وہ اس طرف توجہ دیں، انہیں بھی دیکھ بھال کی ضرورت ہے۔

بھارت دنیا میں امریکا کے بعد دوسرا کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک بن گیا ہے جب کہ تیسرا نمبر برازیل کا ہے۔

بھارت میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 42 لاکھ 84 ہزار 103 جب کہ 72 ہزار 843 اموات ہوچکی ہیں۔