نئی دہلی: بھارت میں آن لائن ویڈیو گیم پب جی پر پابندی عائد کرنے کے دو روز بعد 21 سالہ طالب علم پریتم نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مغربی بنگال کے ضلع نادیہ کا رہائشی 21 سالہ طالب علم پریتم دن رات پب جی گیم کھیلنے میں مصروف رہتا تھا اور گیم پر پابندی لگنے کے بعد وہ ذہنی تناؤ کا شکار رہنے لگا تھا۔
پولیس کے مطابق آئی ٹی آئی کا طالب علم مبینہ طور پر اپنے کمرے میں مردہ حالت میں پایا گیا۔
پریتم کی والدہ کا کہنا ہے کہ جمعے کی صبح ناشے کے بعد وہ اپنے کمرے میں چلا گیا جب دوپہر کے کھانے کے لیے دروازہ کھٹکھٹایا تو وہ نہیں آیا پریشانی کے عالم میں پڑوسیوں کو آواز دی، دروازے کا لاک توڑا تو پریتم کی لاش پنکھے سے لٹکی تھی۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، واضح رہے کہ بھارت نے 100 سے زائد چینی ایپلی کیشن پر پابندی عائد کی تھی۔