گٹر کب صاف ہوں گے

146

بارش گزرے15دن ہونے کو ہیں ۔ایک خبر کے مطابق بارش اور گٹر کا پانی اب تک سڑکوں ، گلیوں اور میدانوں میں کھڑا ہے ۔ شہر کے کئی علاقوںمیں عمارتوںکے تہہ خانوں یا بیسمنٹ میں پانی کھڑا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق گٹر بند ہونے کے سبب بیماریاں پھیلنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں ۔ سڑکوںپر مسلسل گٹر کا پانی کھڑا رہنے سے قریبی عمارتوں کی بنیادوںکو نقصان پنچنے کا خدشہ ہے ۔ گلستان جوہر میں بلیز شاپنگ گیلریا اینڈریزیڈنسی کی بیسمنٹ میں دو ہفتے سے دس فٹ پانی کھڑا ہے ۔ عمارت کی لفٹیں ،جنریٹر اور بجلی کا نظام تباہ ہو گیا ہے ۔ سو کے لگ بھگ خاندان بالائی منزلوں پر رہائش پذیر ہیں ۔ انہیں خصوصی پمپ اور خصوصی جنریٹر کے ذریعے پانی اور بجلی دی جا رہی ہے لیکن بلدیہ کراچی ، واٹر بورڈ اور خصوصاً وہ کراچی کمیٹی کہاں ہے جس کو یہ مسائل حل کرنے تھے ۔ یہ عمارت خطرے میں ہے لیکن انتظامیہ بڑے حادثے کی منتظر ہے ۔ اس پٹی میں زیر تعمیر عمارت کے بیسمنٹ میں بھی پانی ہے آگے شیر مال والے سے متصل عمارت تک کے بیسمنٹ میں پانی ہے ۔ یہ وہی پٹی ہے جو بارش کے پانی کا روایتی راستہ ہوتی تھی ۔ اب یہاں درجنوں رہائشی کمپلیکس ہیں ۔ پانی کو راستہ نہیں ملتا ۔کبھی ائر پورٹ میں گھستا ہے کبھی عمارتوں کے تہہ خانوں میں ۔ یہی حال جوہر چورنگی پر واقع گلشن امین ٹاورز کے سامنے اور ان کے دوسری جانب عمارت کے درمیان گٹر بند ہیں جس کی وجہ سے پانی فلیٹوںمیں داخل ہو گیا ہے ۔ یہاں کون صفائی کرے گا ۔ واٹر بورڈ، کنٹونمنٹ بورڈ،بلدیہ یا کمیٹی ، یا لوگ خود یہ کام کروا لیں ۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ علاقہ شہر کا حصہ نہیں بلکہ گائوں کا منظر ہے ۔