اسلام آباد (آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 2 روزہ دورے پر ماسکو پہنچ گئے۔ ماسکو پہنچنے پر پاکستانی سفیر شفقت علی خان، وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری ظہور احمد اور روسی وزارت خارجہ کے سنیئر حکام نے ڈومو ڈی ڈیوو ائر پورٹ پر وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔ وزیر خارجہ ماسکو میں شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیر خارجہ کو دورہ ماسکو اور شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کی دعوت ان کے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف نے دی تھی۔ وزرائے خارجہ کونسل، کونسل برائے سربراہان حکومت و کونسل برائے سربراہان مملکت کے بعد شنگھائی تعاون تنظیم کا سب سے بڑا فورم ہے۔شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں اہم علاقائی و عالمی امور زیر بحث آئیں گے۔ اجلاس کے بعد ایک متفقہ مشترکہ اعلامیہ کا اجرا بھی متوقع ہے۔ وزیر خارجہ، شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کانفرنس کی سائیڈلائن پر مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے جس میں دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔