آپریشن کے دوران مریض کے پیٹ سے کرنسی، ناخن اور لائٹر برآمد

322

مصر میں آپریشن کے دوران مریض کے پیٹ سے کرنسی نوٹ، سکے، ناخن اور لائٹر برآمد ہونے سے ڈاکٹرز حیران ہوگئے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق مصری کے دارالحکومت قائرہ میں واقع نجی اسپتال میں پیٹ کے درد میں مبتلا مریض کا آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران مریض کے پیٹ سے 6 ہزار 500 پاؤنڈ کرنسی نوٹ، کچھ سکے، 39 ناخن اور ایک لائٹر برآمد ہوا جس سے ڈاکٹر حیران رہ گئے۔

سینئر سرجن ڈاکٹر عبدالرحمان مصطفیٰ نے بتایا کہ آپریشن سے قبل مریض کے پیٹ میں شدید درد ہو رہا تھا۔ جب مریض سے پوچھا گیا کہ آخری مرتبہ آپ نے کھانے میں کیا کھایا تھا تو مریض کے جواب پر ڈاکٹرز حیران ہوگئے۔

مریض نے ڈاکٹروں کو بتایا کہ اس نے کرنسی نوٹ، سکے، ناخن اور لائٹر نگل لیا ہے۔ جس پر ڈاکٹروں نے مریض کو فوری آپریشن تھیٹر منتقل کردیا۔

ڈاکٹر عبدالرحمان مصطفیٰ کا کہنا ہے کہ مریض کا آپریشن چار گھنٹے تک جاری رہا، اگر مریض بروقت اسپتال نہ پہنچتا تو اس کی موت مواقع ہوسکتی تھی۔

مریض نے کرنسی نوٹ اور سکے وغیرہ کیوں نگلے اس کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔

ڈاکٹر عبدالرحمان مصطفیٰ نے بتایا کہ پچھلے سال ایک مریض کے پیٹ سے 20 چائے کے چمچے، 4 کانٹے اور توتھ برش نکلے تھے۔