’30دسمبر سے پہلے ن لیگ تقسیم ہو جائے گی’

211

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پیش گوئی کی ہے کہ ن لیگ 30دسمبر سے پہلے تقسیم ہو جائے گی۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کا حال بہت برا ہونے والا ہے، اپوزیشن کی اے  پی سی مکمل طور پر ناکام ہوگی، بہت جلد پی پی اور ن لیگ کے حالات برے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ 30 دسمبر تک تقسیم ہو جائے گی اور مریم نواز کی پوری سیاست اس بات پر ہے کہ انہیں لندن جانے دیا جائے۔

شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کی اے پی سی فلاپ ہوگی پی پی اور ن لیگ کے حالات خراب ہوں گے جب کہ مولانا فضل الرحمان جلسہ جلسہ کھیلیں گے، نوازشریف واپس نہیں آنا چاہتے اور آج انہوں نے یہ ثابت کردیا کہ وہ ملک واپس آنے کو تیار نہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا عمران خان کی قیادت میں ملک کو آگے لیکر جائیں گے، یہ سال ہماری حکومت خدمت کا سال گزارے گی  وزیراعظم نے وہی کیا جو وزیراعظم کو کرنا چاہیے تھا، مرکز اور صوبے کو مل کر کام کرنا چاہیے، یہ بحث نہیں کرنی چاہیے کہ ایک روپیا کس نے دیا دو روپے کس نے دیے۔