کراچی کے معاملے میں فوج نے اہم کردار ادا کیا‘ شیخ رشید

124

راولپنڈی (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ کراچی کے معاملے میں فوج نے اہم کردار ادا کیا، پی ٹی آئی حکومت 5سال پورے کرے گی ، اے پی سی ٹائیں ٹائیں فش ہو گی، عمران خان کاکوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا ،صوبوں اور مرکز کو مل کر کام کرناہوگا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں80کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے 02ارب60کروڑ روپے کا غازی بروتھا منصوبہ مکمل کریں گے ،ملکی تاریخ کا جدید ترین ماں بچہ اسپتال بہت جلد کام شروع کردے گا ۔وزیر ریلوے نے کہا کہ مریم کا سارا زور لندن جانے میں ہے، ان کے برے دن آنے والے ہیں ،30دسمبر تک ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے برے حالات ہوں گے ،مولانا صاحب صرف جلسہ جلسہ کھیلیں گے ۔ 30دسمبر سے پہلے پہلے ن لیگ تقسیم ہوجائے گی، شہباز لیگ اپنا الگ گروپ بنائے گی۔ آئندہ ہفتے 40 کروڑ سے ریلوے اسپتال، 40کروڑ بی بی ایچ اسپتال پر بھی خرچ کریں گے ، ایم ایل ون کا ٹینڈر جلد آ جائے گا اور ڈیڑھ لاکھ نوکریاں ملیں گی، 70ارب روپے کا نالہ لئی ایکسپریس وے کا منصوبہ بھی ہے،2 سال میں4 نئے کالج ،2 یونیورسٹیاں،آئی ٹی یونیورسٹی کے منصوبے کی منظوری کرائی لیکن ابھی اس میں کچھ روڑے اٹک گئے ہیں۔