طاغوتی قوتیں ختم نبوت پر ڈاکا ڈال رہی ہیں،ریاض سعدی

120

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی علما مشائخ ونگ کے ضلعی صدر ریاض احمد سعدی نے کہا ہے کہ طاغوتی قوتیں ختم نبوت پر ڈاکا ڈال رہی ہیں۔ ان حالات میں اتحاد امت کی ضرورت ہے حکومت میڈیا پر ایسے معاملات پر کنٹرول کرنے جس سے فرقہ واریت کو ہوا ملے۔ علما کرام اپنا کردار ادا کریں اتحاد و اتفاق کے لیے ذہن سازی کریں، غیر ذمے دار لوگوں کو منبر و محراب سے ہٹا یا جائے، امت کو توڑنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جا ئے، عظمت صحابہ عظمت اہل بیعت ہمارا بنیادی عقیدہ ہے اپنی کھوئی ہوئی عزت کو دوبارہ بحال کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں پورے کے پورے اسلام میں داخل ہوکر حق و باطل کو خلط ملط کرنے سے بچنا ہوگا۔ اسلامی نظامِ زندگی کو نافذ کرنے کا مقصد ہی آج ملت میں اتحاد و اتفاق کو پیدا کرسکتا ہے۔جب تک ہم اسلامی نظام کو قائم کرنا اپنا مقصد نہیں بنالیں گے تب تک ہمارا اتحاد کمزور ہی رہے گا۔ امت مسلمہ کی طاقت، قوت، عزت، غلبہ،کامیابی اور کامرانی کا ذریعے اتحاد اتفاق ہی ہے اور صرف اسی کے ذریعہ ہم اپنی عظمت رفتہ کو بحال کرسکتے ہیں۔ ورنہ ہم ایسے ہی ذلت و رسوائی ، کمزوری،بے بسی،محکومی اور ذہنی غلامی کی پستی میں گرتے رہیں گے۔ لہٰذا ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے فروعی و فقہی اور جزوی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر اسلامی وحدت و اخوت اور بھائی چارگی کے رشتے کو مضبوط و مستحکم کریں کیونکہ موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ مسلمانوں کے اندر ایک ایسی مضبوط اور منظم قیادت اتحاد کی شکل میں ابھرے،جو مستقبل میں اسلامی نظامِ زندگی کے نفاذ کا ذریعہ بن سکیں۔